محسن نقوی اور ایرانی وزیرِ داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

فیڈرل کانسٹیبلری کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

July 22, 2026 · قومی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیرِ داخلہ کی وزارتِ داخلہ آمد پر محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر افغان سرحد کے ذریعے دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششیں مثبت نتائج دیں گی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے، باہمی تجارت کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔