جنوبی وزیرستان میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

مسلسل بارشوں کے باعث کچے کمرے کی چھت کمزور ہو چکی تھی، جو وزن برداشت نہ کر سکی۔ واقعے کے وقت اہلِ خانہ کمرے میں سو رہے تھے۔

July 22, 2026 · قومی

جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام بنگے والا میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث کچے مکان کی چھت اچانک گر گئی۔

حادثے کے نتیجے میں ساجد اللہ محسود، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

حکام کے مطابق علاقے میں کئی روز سے جاری مسلسل بارشوں کے باعث کچے کمرے کی چھت کمزور ہو چکی تھی، جو وزن برداشت نہ کر سکی۔ واقعے کے وقت اہلِ خانہ کمرے میں سو رہے تھے۔

ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹا کر لاشوں کو نکالا، جبکہ متاثرہ خاندان سے اظہارِ افسوس کیا گیا ہے۔