ملک میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ

رحمت اللہ نامی نوجوان کو تیز بخار اور ناک سے خون آنے کی شکایت پر جناح ہسپتال کراچی لایا گیا، جہاں طبی معائنے اور ٹیسٹ کے بعد کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

July 22, 2026 · قومی
ملک میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ

کراچی: ملک میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، کوئٹہ کے 22 سالہ نوجوان میں وائرس کی تصدیق کے بعد اسے علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق رحمت اللہ نامی نوجوان کو تیز بخار اور ناک سے خون آنے کی شکایت پر جناح ہسپتال کراچی لایا گیا، جہاں طبی معائنے اور ٹیسٹ کے بعد کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

جناح ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض کے پلیٹ لیٹس اور ہیموگلوبن کی سطح میں نمایاں کمی پائی گئی، جبکہ جگر کے انزائمز بھی خطرناک حد تک بڑھے ہوئے تھے۔ لیبارٹری ٹیسٹ اور پی سی آر رپورٹ میں کانگو وائرس مثبت آنے کی تصدیق ہوئی۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وائرس کی تصدیق کے بعد مریض کو مزید علاج اور نگہداشت کے لیے سندھ انفیکشیس ڈیزیز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔