افغانیوں کیلئے جعلی شناختی دستاویزات کی تیاری کا الزام،نادرا افسران سمیت 4 افراد گرفتار

گرفتار افراد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، چوکیدار جنید احمد اور نجی ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

July 22, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے افغان شہریوں کے لیے  جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے کے الزام میں نادرا کے افسران سمیت چار افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ان افراد کو گرفتار کیا گیا، جن پر غیر قانونی طریقے سے شناختی دستاویزات کے اجرا، سرکاری ریکارڈ میں مبینہ تبدیلی اور دیگر سرگرمیوں میں سہولت کاری کا الزام ہے۔

گرفتار افراد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، چوکیدار جنید احمد اور نجی ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان کی جانب سے افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات بنانے اور سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کے شواہد ملے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق تحقیقات کے دوران اس نیٹ ورک کے بعض دہشت گرد عناصر سے ممکنہ روابط کے حوالے سے بھی معلومات سامنے آئی ہیں، جن کی مزید چھان بین جاری ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ، ڈیجیٹل مواد اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نادرا کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد کی گمشدگی کا مقدمہ کراچی پولیس نے ان کے والد اور سینئر صحافی سہیل سانگی کی مدعیت میں درج کیا تھا۔ اہل خانہ نے ان کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق تفتیش کے دوران مزید انکشافات اور گرفتاریوں کا امکان ہے، جبکہ جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔