کل صبح 6 بجے سے پمپس 24 گھنٹے بند رہیں گے،پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے، جبکہ ڈیلرز کو ملنے والا کمیشن بھی بڑھایا جائے۔

July 22, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں ملک بھر میں 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف ایڈوائزر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اوگرا سے ملاقات ہوئی، تاہم روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے، جبکہ ڈیلرز کو ملنے والا کمیشن بھی بڑھایا جائے۔

ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈیلرز کو صرف ایک فیصد کمیشن دیا جا رہا ہے جو کاروباری اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی ہے اور اس معاملے پر شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کل صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس 24 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ مستقبل میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار نے بتایا کہ کراچی میں 625 جبکہ سندھ بھر میں ساڑھے تین ہزار سے زائد پیٹرول پمپس موجود ہیں، جو اس ہڑتال میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیلرز کے مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ صارفین کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔