ایران ڈیل کے بدلے پاکستان نے امریکہ سے 10 ارب ڈالر مانگ لیے،برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ

یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران سے متعلق مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار کے بعد واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی توقعات ظاہر کی جا رہی ہیں۔

July 22, 2026 · قومی

اسلام آباد:برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے امریکا سے 10 ارب ڈالر کی ایکسچینج اسٹیبلائزیشن سہولت (Exchange Stabilization Facility) فراہم کرنے کی درخواست کی ہے، جس کا مقصد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانا اور روپے پر دباؤ کم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران سے متعلق مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار کے بعد واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی توقعات ظاہر کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو پانچ سالہ دوطرفہ مالی سہولت کی درخواست دی ہے۔

رائٹرز کے مطابق اگر یہ سہولت منظور ہو جاتی ہے تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، روپے کے استحکام اور بیرونی مالیاتی دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے، جبکہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں پر انحصار بھی کم ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کیا، جبکہ پاکستان کی وزارت خزانہ نے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

ادھر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون، امریکی سرمایہ کاری اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی بڑھانے پر زور دیا، تاہم وزارت خزانہ کے جاری کردہ بیان میں 10 ارب ڈالر کی کسی درخواست کا ذکر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس وقت 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جبکہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بیرونی مالی معاونت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔