حکومتی یقین دہانی, پیٹرول پمپ مالکان کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے کامیاب مذاکرات
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے کامیاب مذاکرات اور مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے اپنی مجوزہ ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے
مذاکرات کے دوران یومیہ قیمتوں کے تعین کے نئے نظام اور ڈیلرز مارجنز سمیت دیگر اہم مطالبات پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ حکومت نے پمپ مالکان کے تمام تحفظات دور کرنے اور قیمتوں کے جائزہ کی مدت 15 دن کرنے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے
ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے تمام ڈیلرز کا شکریہ ادا کیا اور درج ذیل اہم نکات بیان کیے
عالمی صورتحال اور اثرات: خطے کی کشیدہ صورت حال اور عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہو رہی ہیں جس سے عوام پر مشکلات کا بوجھ پڑا ہے
حکومتی اقدامات: وزیر اعظم اور حکومت عوام کی تکالیف سے مکمل آگاہ ہیں۔ حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈیز کے ذریعے مہنگائی کا اثر کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے
قیمتوں پر نظرِ ثانی کی مدت: حکومت ڈیلرز کے تحفظات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرِ ثانی کی مدت کو روزانہ کے بجائے ہر 15 دن بعد مقرر کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ مارکیٹ میں استحکام قائم رکھا جا سکے
جنگ کے بادل اور عالمی معاہدے: خطے میں جنگی صورت حال کی وجہ سے قیمتوں کا ایک نیا پہاڑ کھڑا ہو گیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت عالمی معاہدوں کے تحت گنجائش کے مطابق نظام کو چلا رہی ہے