پنجاب میں دفعہ 144 میں توسیع، ڈرون اڑانے پر پابندی مزید 30 روز برقرار
شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی
لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں عوامی تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کرتے ہوئے آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر عائد پابندی مزید 30 روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کھلے مقامات پر ڈرون کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ سکیورٹی خدشات کے باعث اس فیصلے پر عمل درآمد فوری طور پر نافذ ہوگا۔
حکام کے مطابق شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم ان کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے استثنا حاصل ہوگا تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بلا رکاوٹ انجام دے سکیں۔
محکمہ داخلہ نے ضلعی سطح پر “سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” بھی تشکیل دے دی ہے، جو زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر ضروری مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی تحریری اجازت جاری کرے گی۔
حکام کے مطابق کمیٹی کی پیشگی تحریری اجازت حاصل کرنے والے افراد یا ادارے مقررہ شرائط کے مطابق ڈرون استعمال کر سکیں گے، جبکہ اجازت کے بغیر ڈرون اڑانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت یہ پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت برقرار رکھی گئی ہے۔