مستونگ میں قومی شاہراہ پر فائرنگ،سیشن جج اور گن مین شہید، ایڈیشنل جج زخمی
واقعہ دن 11 بجے کے بعد پیش آیا، جب سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ سے اپنی ڈیوٹی کے لیے سیشن کورٹ مستونگ جا رہے تھے
مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان شہید ہو گئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ دن 11 بجے کے بعد پیش آیا، جب سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ سے اپنی ڈیوٹی کے لیے سیشن کورٹ مستونگ جا رہے تھے۔ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ایس ایچ او مستونگ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔