پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی،43 افراد جاں بحق،177 زخمی
پی ڈی ایم اے کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل
لاہور، پشاور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 43 افراد جاں بحق جبکہ 177 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں رواں مون سون سیزن کے دوران بارشوں سے متعلق حادثات میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے، عمارتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور پانی میں ڈوبنے کے واقعات میں اموات ہوئیں۔
حکام کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث 38 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ایک مویشی بھی ہلاک ہوا۔ پی ڈی ایم اے نے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کے باعث مختلف حادثات رپورٹ ہوئے، جہاں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے جبکہ سیلابی ریلوں میں بہنے کے واقعات میں 22 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ بارشوں سے 37 مکانات متاثر ہوئے جن میں 8 مکمل طور پر تباہ اور 29 کو جزوی نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع بشمول پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، کرم اور وزیرستان کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔