ولیکا اسپتال سے منسلک ایچ آئی وی کیسز بڑھ کر 95 ہو گئے
علاج کے بعد بچے کی طبیعت مسلسل خراب رہی، جس پر مختلف طبی معائنے کرائے گئے۔ بعد ازاں ایچ آئی وی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔
کراچی: ولیکا اسپتال سے منسلک ایچ آئی وی کیسز میں ایک اور اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں 18 ماہ کے ایک بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 95 ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ بچے کا علاج دسمبر 2025 میں ولیکا اسپتال میں ہوا تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ علاج کے بعد بچے کی طبیعت مسلسل خراب رہی، جس پر مختلف طبی معائنے کرائے گئے۔ بعد ازاں ایچ آئی وی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔
بچے کے والد نے بتایا کہ ان کے پانچ بچے ہیں اور وہ احتیاطی طور پر دیگر بچوں کے بھی ایچ آئی وی ٹیسٹ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ان کی صحت کا بھی مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس نئے کیس کے بعد ولیکا اسپتال سے منسلک تصدیق شدہ ایچ آئی وی کیسز کی تعداد 95 ہو گئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں اب تک 9 بچوں کی اموات رپورٹ کی جا چکی ہیں۔
متعلقہ ادارے کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو طبی سہولیات اور ضروری معاونت فراہم کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔