گلگت میں غیرملکی ایجنسی کے لیے جاسوسی کا ملزم گرفتار

حساس معلومات غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کو دینے کا الزام سامنے آگیا

July 24, 2026 · قومی

فائل فوٹو

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) گلگت نے سوشل میڈیا کے ذریعے غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات شیئر کرنے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف پیکا (PECA) 2016 کی دفعات 6، 7 اور 10 کے تحت ایف آئی آر نمبر 03/2026 درج کی گئی ہے۔

انکوائری کے دوران ملزم کے ضبط شدہ موبائل ڈیوائس کے ڈیجیٹل فارنزک معائنے سے معلوم ہوا کہ اس نے حساس فوجی تنصیبات کی جی پی ایس (GPS) ٹیگ شدہ تصاویر ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ شیئر کی تھیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق شیئر کی گئی تصاویر میں پی اے ایف قادری بیس، اسکردو ایئرپورٹ اور سی ایم ایچ اسکردو شامل تھے۔

ملزم کو آج متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔