جسٹس بابر ستار کا اسلام آباد کا سرکاری گھر منسوخ، نوٹس جاری

3 اگست تک مکان خالی کرنے کا نوٹس جاری

July 24, 2026 · قومی

اسلام آباد: پشاور ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہونے والے جج جسٹس بابر ستار کی اسلام آباد میں واقع سرکاری رہائش گاہ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے، جس کے بعد رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں 3 اگست تک گھر خالی کرنے کا رسمی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسٹیٹ آفس کی جانب سے سرکاری گھر کی الاٹمنٹ کینسل کیے جانے کے بعد رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کیا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے پشاور ہائیکورٹ میں تبادلے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا کہ وہ پشاور میں الگ سے سرکاری رہائش گاہ نہیں لیں گے بلکہ اسلام آباد میں ہی اپنا سرکاری گھر برقرار رکھیں گے۔ قواعد و ضوابط کے تحت اعلیٰ عدلیہ کے جج کو دورانِ ملازمت ایک ہی سرکاری گھر رکھنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔

تاہم ایسٹیٹ آفس کی جانب سے الاٹمنٹ کی منسوخی کے بعد رجسٹرار آفس نے انہیں مقررہ مدت کے اندر اسلام آباد کی سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔