آزاد کشمیر انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شکنجہ تیار

انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،الیکشن کمیشن

July 25, 2026 · قومی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شفاف اور غیر جانبدار انعقاد کے لیے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور حکومتی عہدیداروں کو اس پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کمیشن کے ترجمان کے مطابق آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران مقررہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں۔

انتخابی ضابطے کے مطابق وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں، تاہم انہیں سرکاری پروٹوکول، سرکاری گاڑیوں یا دیگر حکومتی وسائل کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری مشینری کو انتخابی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران نئی ترقیاتی اسکیموں، مالی پیکجز یا عوامی منصوبوں کے اعلانات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، تاکہ انتخابی عمل پر کسی قسم کا اثر انداز ہونے کا تاثر پیدا نہ ہو۔

کمیشن کے مطابق اگر کسی امیدوار، سیاسی جماعت یا حکومتی ادارے کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سامنے آئی تو متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں سرکاری گاڑیاں، سامان یا دیگر وسائل بھی ضبط کیے جا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو انتخابات کی غیر جانبداری کو متاثر کر سکتا ہو۔