او جی ڈی سی ایل کی بڑی کامیابی،زمینی شوراب سے لیتھیم دریافت

پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے، جس کے بعد ملک دنیا کے ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے

July 25, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان نے معدنیات کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے زمینی شوراب میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے مطابق یہ دریافت پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت کی گئی، جہاں ایک بلند درجہ حرارت والے جیوتھرمل کنویں سے حاصل ہونے والے پانی کے جدید جیوکیمیائی تجزیے کے دوران لیتھیم کی موجودگی سامنے آئی۔

او جی ڈی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے، جس کے بعد ملک دنیا کے ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو جیوتھرمل شوراب کو لیتھیم کے ممکنہ ذریعے کے طور پر تلاش کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق لیتھیم موجودہ دور کی اہم معدنیات میں شمار ہوتی ہے، جس کا استعمال برقی گاڑیوں کی بیٹریوں، توانائی ذخیرہ کرنے والے جدید نظام اور دیگر ٹیکنالوجیز میں بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ یہ دریافت پاکستان کے معدنی وسائل کے نئے امکانات کو ظاہر کرتی ہے اور مستقبل میں توانائی و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔