باجوڑ کے تلے ڈیم کے قریب دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

July 25, 2026 · قومی

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں تحصیل سلارزئی کے علاقے تلے ڈیم کے قریب ہونے والے دھماکے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی پی او باجوڑ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ مبینہ طور پر دیسی ساختہ بارودی مواد (آئی ای ڈی) کے باعث پیش آیا۔ پولیس اور متعلقہ ادارے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ زخمیوں کی حتمی تعداد اور واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کے بعد مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔