جہلم میں نالہ بنہاں کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا
فاظتی بند ٹوٹنے سے نالے کا پانی نشیبی علاقوں کا رخ کر رہا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں کے رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات میں مصروف ہیں
جہلم میں نالہ بنہاں کا حفاظتی بند ٹوٹنے کے بعد سیلابی پانی قریبی دیہات کی جانب بڑھنے لگا، جس کے باعث مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق حفاظتی بند ٹوٹنے سے نالے کا پانی نشیبی علاقوں کا رخ کر رہا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں کے رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات میں مصروف ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی اسی مقام پر حفاظتی بند ٹوٹنے کے باعث وسیع علاقے زیرِ آب آ گئے تھے، جس کے بعد مستقل بنیادوں پر مضبوط بند تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
مقامی افراد کے مطابق موجودہ حفاظتی بند عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کیا تھا، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی مستقل مرمت یا ازسرِ نو تعمیر نہیں کی گئی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اقدامات کیے جائیں، حفاظتی بند کو مضبوط بنایا جائے اور مستقبل میں سیلابی خطرات سے بچاؤ کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے۔ حکام کی جانب سے اس صورتحال پر تاحال باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔