27 جولائی تک پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی
پیٹرول کی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جائے گا
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 27 جولائی تک برقرار رہیں گی، جس کے تحت صارفین کو آئندہ مقررہ تاریخ تک موجودہ نرخوں پر ہی ایندھن دستیاب ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جائے گا۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت بھی 301 روپے 14 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی تازہ قیمتوں کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت 25 جولائی کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل دیکھنے میں آیا۔ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے نظام کے تحت مختلف تاریخوں پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی اور اضافہ کیا گیا، تاہم تازہ فیصلے کے مطابق موجودہ نرخ 27 جولائی تک برقرار رہیں گے۔