بالاکوٹ میں پنجاب یونیورسٹی کی بس کھائی میں جاگری،16 زخمی

حادثے کے بعد امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمی افراد کو مانسہرہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا،

July 26, 2026 · قومی

بالاکوٹ: پنجاب یونیورسٹی ٹرانسپورٹ ونگ کی بس کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 16 ملازمین زخمی ہوگئے۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق حادثہ بالاکوٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ریپڈ بس سامنے سے آنے والی گاڑی کو بچاتے ہوئے سڑک سے پھسل کر کھائی میں جاگری۔ حادثے کے وقت بس میں یونیورسٹی کے 19 ملازمین سوار تھے۔

حادثے کے بعد امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمی افراد کو مانسہرہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تمام زخمیوں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

ڈرائیور کے مطابق سڑک پر پھسلن کے باعث بس قابو میں نہ رہی اور حادثہ پیش آیا۔ اس دوران سامنے سے آنے والی گاڑی کو بچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

یونیورسٹی ترجمان نے بتایا کہ تمام ملازمین ذاتی دورے کے سلسلے میں ناران اور کاغان گئے تھے۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ زخمی ملازمین سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔