آزاد کشمیر انتخابات:میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں کل پولنگ،تمام انتظامات مکمل
انتخابی سامان، بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری دستاویزات متعلقہ پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دی گئی ہیں
میرپور:آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے 13 انتخابی حلقوں میں عام انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں کل ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انتخابی سامان، بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری دستاویزات متعلقہ پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دی گئی ہیں، جنہیں سخت سیکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا گیا۔
حکام کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز تک سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن کے انتخابی حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ میرپور ضلع کی چار، بھمبر ضلع کی تین اور کوٹلی ضلع کی چھ نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں۔
حلقہ ایل اے-1 میرپور ون میں پاکستان پیپلزپارٹی کے افسر شاہد اور مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ ایل اے-2 میرپور ٹو میں مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش، پیپلزپارٹی کے قاسم مجید اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ظفر انور کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
حلقہ ایل اے-3 میرپور تھری میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید اور پیپلزپارٹی کے یاسر سلطان کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے تسلیم عارف اور آزاد امیدوار عمیر اصغر بھی میدان میں ہیں۔
حلقہ ایل اے-4 میرپور فور، کھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) کے رخسار احمد اور پیپلزپارٹی کے صہیب ارشد کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ ایل اے-5 بھمبر ون برنالہ میں مسلم لیگ (ن) کے ریٹائرڈ کرنل وقار نور اور پیپلزپارٹی کے چوہدری پرویز اشرف کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔
حلقہ ایل اے-6 بھمبر ٹو سماہنی میں استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان سونی اور مسلم لیگ (ن) کے محمد رزاق چوہدری مد مقابل ہیں۔
حلقہ ایل اے-7 بھمبر تھری میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں، جن کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طارق فاروق سے متوقع ہے۔
کوٹلی کے حلقوں میں بھی سیاسی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔ حلقہ ایل اے-12 کوٹلی فائیو میں پاکستان پیپلزپارٹی کے محمد یاسین چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا مقررہ وقت ختم ہو چکا ہے۔ انتخابی مہم کے آخری روز امیدواروں نے ووٹرز سے رابطے کیے اور حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔
الیکشن قوانین کے مطابق انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد امیدوار اور سیاسی جماعتیں کسی قسم کی انتخابی سرگرمی جاری نہیں رکھ سکیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے روز امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں اور پرامن ماحول برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔