بلاول بھٹو کا آزاد ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ
یہ کمیشن کشمیری عوام کے مسائل کو سننے، شکایات کا ازالہ کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں موجودہ مسائل کے حل کے لیے وہ طویل عرصے سے ایک آزاد ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم ان کی اس تجویز پر اب تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔
ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کمیشن کشمیری عوام کے مسائل کو سننے، شکایات کا ازالہ کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف اور غیر جانبدار نظام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو روزمرہ زندگی میں درپیش مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن ایک ایسا فورم ثابت ہو سکتا ہے جہاں ہر شہری اپنی شکایت پیش کر سکے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے میرپور سمیت آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ عوامی مسائل کے حل اور اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کارکنوں اور ووٹرز سے 27 جولائی کو انتخابی نشان “تیر” پر مہر لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت سے خطے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے اور مینڈیٹ ہی جمہوری عمل کو مضبوط بناتا ہے، اس لیے ووٹرز بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔