12 اگست کو ہونیوالا مکمل سورج گرہن خاص کیوں ہوگا؟

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق 12 اگست کو مکمل سورج گرہن کا نظارہ ہوگا مگر بہت کم ممالک کے افراد ہی اسے دیکھ سکیں گے۔

July 26, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: آخری بار مکمل سورج گرہن 2 سال قبل ہوا تھا اور ایک بار پھر یہ نظارہ متعدد افراد دیکھ سکیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس بار کا سورج گرہن بہت خاص ہے کیونکہ کچھ افراد مکمل گرہن کو سورج غروب ہونے کے وقت دیکھ سکیں گے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق 12 اگست کو مکمل سورج گرہن کا نظارہ ہوگا مگر بہت کم ممالک کے افراد ہی اسے دیکھ سکیں گے۔

گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمال اور پرتگال کے ایک کونے کے رہنے والے ہی مکمل سورج گرہن کا نظارہ کرسکیں گے۔

اسپین میں تو مکمل سورج گرہن کا نظارہ سورج غروب ہونے کے وقت ہوگا جو وہاں رہنے والوں کو مسحور کر دینے والا ہوگا۔یورپ اور افریقا کے دیگر ممالک میں بھی جزوی سورج گرہن کو دیکھا جاسکے گا۔

یورپ کے بیشتر ممالک جبکہ شمالی افریقا کے متعدد خطوں میں جزوی سوج گرہن ہوگا۔ روس ایسا خوش قسمت ملک ہے جہاں سورج طلوع اور غروب ہونے کے دوران جزوی سورج گرہن کا نظارہ ہوگا۔

جی ہاں واقعی روس کے غیر آباد Taymyr Peninsula میں جزوی گرہن کا آغاز سورج طلوع ہونے کے وقت ہوگا جبکہ اسی ملک کے دوسرے کونے میں جزوی سورج گرہن سورج غروب ہونے کے بعد ہوگا۔

سورج غروب ہونے کے وقت گرہن کئی برسوں بعد ہی دیکھنے میں آتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سال کا سورج گرہن بہت خاص ہے۔

12 اگست کو جزوی سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا اور مکمل سورج گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر ہوگا جبکہ اختتام رات 2 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔