کوہاٹ: شکردرہ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ اور بھتہ خوری کے خلاف احتجاج

پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے بجائے مقامی عمائدین کے خلاف کارروائی کا الزام؛ پاک فوج اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے نوٹس لینے کی اپیل

July 26, 2026 · قومی

کوہاٹ :کوہاٹ کے علاقے شکردرہ، رحمان آباد میں جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے غیر قانونی گولڈ مائننگ، بھتہ وصولی اور امن و امان خراب کرنے کے خلاف مقامی افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رحمان آباد قوم کے عمائدین حمید اللہ اور طارق الحسن مہدی نے الزام عائد کیا کہ پولیس غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث مبینہ جرائم پیشہ ناصر گروپ کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے علاقے کے مشران کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں ہراساں کر رہی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ شکردرہ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی وجہ سے علاقے کا امن و امان شدید متاثر ہو چکا ہے اور قتل و غارت کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دنوں مبینہ جرائم پیشہ گروہ کی فائرنگ سے ان کے متعدد افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان تمام واقعات کے باوجود پولیس نے مبینہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے رحمان آباد کے عمائدین اور مقامی افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں شروع کر دی ہیں، جسے انہوں نے انصاف کے تقاضوں کے منافی قرار دیا۔

مقررین نے مزید دعویٰ کیا کہ مبینہ ناصر گروپ نہ صرف غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث ہے بلکہ علاقے کے لوگوں سے بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں بھی ملوث ہے، تاہم اس کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔

احتجاج کے شرکا نے پاک فوج اور دیگر ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کریں بصورت دیگر علاقے میں مزید خونریزی کا خدشہ ہے۔