خواجہ آصف کا بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر سخت ردعمل،کشمیر کی حقیقت بیان بازی سے نہیں بدلے گی

بھارت کی جانب سے دیے گئے حالیہ ریمارکس غیر ذمہ دارانہ ہیں اور ان کے ذریعے جموں و کشمیر کی قانونی اور بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

July 27, 2026 · قومی

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی بیانات یا پروپیگنڈے سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقائق کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دیے گئے حالیہ ریمارکس غیر ذمہ دارانہ ہیں اور ان کے ذریعے جموں و کشمیر کی قانونی اور بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جس کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع نے پاکستان پر بھارت کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دعوے حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والے بیانات علاقائی امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی پالیسی پر قائم ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی بیان بازی خطے میں تناؤ میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے اور ایسے بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔