کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی قوم کا فخر ہے، محسن نقوی کا یوم شہادت پر خراج عقیدت
وطن کے دفاع کے لیے ان کی قربانی ہمیشہ قوم کے لیے باعث فخر رہے گی۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر کے پہلے حامل کیپٹن محمد سرور شہید کے یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے ان کی قربانی ہمیشہ قوم کے لیے باعث فخر رہے گی۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، عزم اور ایثار کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی جرات اور وطن سے محبت نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شہداء قومی وقار کی علامت ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ملک کی سلامتی اور استحکام مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
محسن نقوی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ نے منصورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔