سیلابی ریلے سے ریلوے پل کو نقصان پہنچنے پرلاہور فیصل آباد ٹرین آپریشن معطل

پاکستان ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل کر دیے ہیں جبکہ کچھ ٹرینیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔

July 27, 2026 · قومی

لاہور: شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث قلعہ ستار شاہ کے قریب ریلوے پل متاثر ہونے سے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل کر دیے ہیں جبکہ کچھ ٹرینیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے ٹریک اور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔

حکام کے مطابق قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے متبادل راستے سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں ٹرینیں لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق قراقرم ایکسپریس کی ڈاؤن ٹرین کے مسافروں کو فیصل آباد سے ملت ایکسپریس کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو بھی عارضی طور پر تبدیل شدہ روٹ پر چلایا جائے گا، جو وزیر آباد اور لالہ موسیٰ کے راستے اپنی منزل تک پہنچے گی۔

دوسری جانب بدر ایکسپریس اور غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ٹریک کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام جاری ہے۔

پاکستان ریلوے کے مطابق انفرااسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کے اوقات اور روٹ کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور بحالی کے کام سے متعلق تازہ معلومات عوام کو فراہم کی جاتی رہیں گی۔