سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار دہشتگرد کے اہم انکشافات، فتنہ الہندوستان نیٹ ورک بے نقاب

گرفتار شخص حبیب اللہ کا تعلق ضلع خضدار کی تحصیل اورناچ کے علاقے سیراندوہ سے ہے

July 27, 2026 · قومی
سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار دہشتگرد کے اہم انکشافات، فتنہ الہندوستان نیٹ ورک بے نقاب

سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں گرفتار دہشتگرد نے فتنہ الہندوستان نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں، جن میں تنظیمی ڈھانچے، نوجوانوں کی بھرتی اور تربیتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات شامل ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار شخص حبیب اللہ کا تعلق ضلع خضدار کی تحصیل اورناچ کے علاقے سیراندوہ سے ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش دعویٰ کیا کہ اسے جھوٹے وعدوں اور مالی لالچ کے ذریعے تنظیم میں شامل کیا گیا۔

گرفتار دہشتگرد کے مطابق اسے ایک مقام پر منتقل کرکے ذہنی تربیت دی گئی، جس کے بعد مبینہ طور پر ایک کیمپ میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور حملوں کی منصوبہ بندی سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ اسے حملوں کے بعد شناخت چھپانے اور فرار ہونے کے طریقے بھی سکھائے گئے۔ اس کے مطابق وہ مختلف دہشتگرد گروہوں تک اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، خوراک اور دیگر سامان پہنچانے میں ملوث رہا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے بعض مقامات پر ہونے والی کارروائیوں میں شرکت کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس نے مزید بتایا کہ مختلف سرگرمیوں کے بعد اسے مالی معاوضہ دیا جاتا رہا۔

گرفتار دہشتگرد کے بیان کے مطابق بعض افراد معاشی مشکلات اور روزگار کے مسائل کی وجہ سے ایسے گروہوں کا حصہ بنتے ہیں، جبکہ دہشتگرد تنظیمیں انہیں جھوٹے وعدوں کے ذریعے اپنے ساتھ شامل کرتی ہیں اور بعد میں دباؤ کے ذریعے واپس جانے سے روکتی ہیں۔

سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔