کالعدم بی ایل اے نے اغوا برائے تاوان کو آمدن کا نیا ذریعہ بنا لیا

یہ واقعہ 24 جولائی کو کھڈ کوچہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں کوریئر کمپنی کی گاڑی کو روک کر دو افراد سمیت اغوا کر لیا گیا۔

July 27, 2026 · قومی
کالعدم بی ایل اے نے اغوا برائے تاوان کو آمدن کا نیا ذریعہ بنا لیا

کالعدم بی ایل اے نے اغوا برائے تاوان کو آمدن کا نیا ذریعہ بنا لیا

کوئٹہ: سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے سے منسلک مسلح افراد نے مبینہ طور پر ایک کوریئر کمپنی کا منی ٹرک اور اس میں موجود دو افراد کو اغوا کر کے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 24 جولائی کو کھڈ کوچہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں کوریئر کمپنی کی گاڑی کو روک کر دو افراد سمیت اغوا کر لیا گیا۔ بعد ازاں 26 جولائی کو مغویوں کی رہائی کے بدلے کمپنی سے ڈھائی کروڑ روپے تاوان طلب کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسند عناصر دہشتگردی کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، بینک ڈکیتیوں اور گاڑیاں چھیننے جیسی مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں، جن سے حاصل ہونے والی رقم مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات سے مقامی آبادی، کاروباری طبقے اور بلوچستان کے امن و امان کو شدید نقصان پہنچتا ہے، جبکہ خوف و ہراس کی فضا بھی پیدا ہوتی ہے۔

سکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مغویوں کی بازیابی اور ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔