بلاول بھٹو کی کشمیری عوام سے ووٹ کی اپیل،اپنا فیصلہ خود کریں

اگر کشمیری چاہتے ہیں کہ ان کے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کریں تو انہیں گھروں سے نکل کر حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا

July 27, 2026 · قومی

میرپور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کشمیری عوام سے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ خود کرنے کی اپیل کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر کشمیری چاہتے ہیں کہ ان کے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کریں تو انہیں گھروں سے نکل کر حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے ووٹرز سے پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان “تیر” پر مہر لگانے اور پارٹی امیدواروں کی حمایت کی اپیل بھی کی۔

دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

انتخابی عمل کے دوران ضلع کوٹلی کے اگہار کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 36 اور 37 پر ابتدائی اوقات میں ووٹرز کی عدم آمد کے باعث پولنگ کا آغاز نہ ہو سکا۔

ادھر کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میرپور نے کہا کہ تینوں اضلاع میں مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انتظامیہ کی جانب سے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔