اسلام آباد: سوشل میڈیا پر وائرل خاتون سے ہراسانی کے واقعے کا ملزم گرفتار

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے سوشل میڈیا پر خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت اور ہراسانی کی ویڈیو وائرل ہونے کا سخت نوٹس لیا تھا۔

July 27, 2026 · قومی
گرفتار ملزم

گرفتار ملزم

اسلام آباد: شہزاد ٹاؤن پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خاتون سے ہراسانی کے واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم راشد کو قلیل وقت میں گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے سوشل میڈیا پر خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت اور ہراسانی کی ویڈیو وائرل ہونے کا سخت نوٹس لیا تھا۔ جس پر ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع (ہیومن انٹیلی جنس) کی مدد سے متحرک ہو کر ملزم راشد کا سراغ لگایا اور اسے حراست میں لے لیا۔

واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ خواتین کے خلاف ہراسانی یا بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس شہریوں، خصوصاً خواتین کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک اور کوشاں ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔