وزارتِ خارجہ کا قونصلر سروسز کیلیے شام کی شفٹ شروع کرنے کا اعلان
شہری اب پیر سے جمعہ تک صبح 8:00 بجے سے رات 8:00 بجے تک قونصلر خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: عوام کو بہتر اور آسان سہولتوں کی فراہمی کے عزم کے تحت وزارتِ خارجہ نے قونصلر سروسز کے لیے شام کی شفٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شہری اب پیر سے جمعہ تک صبح 8:00 بجے سے رات 8:00 بجے تک قونصلر خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے خدمات مزید قابلِ رسائی، سہل اور مؤثر بن جائیں گی، قونصلر سروسز کے اوقات کار میں توسیع کا مقصد عوام کو زیادہ سہولت فراہم کرنا اور خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزارت نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ قونصلر خدمات کے نئے اوقات سے متعلق جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔