پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قطری وزیر داخلہ سے تعزیت کی

July 28, 2026 · قومی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویا) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، داخلی سلامتی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور وزارت داخلہ کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور داخلی سلامتی سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ سکیورٹی سمیت مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہیں۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قطری وزیر داخلہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی قطر کی ترقی، خوشحالی اور جدید ریاست کی تعمیر میں خدمات کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

اس موقع پر قطری وزیر داخلہ نے کہا کہ قطر، پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔