ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، مریم نواز
ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت علاج اور تشخیصی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی مریض پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر عوام سے بیماری کی بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہیپاٹائٹس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق شہریوں کو ہیپاٹائٹس کی مفت اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل اسپتالوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں اسکریننگ کی سہولت عوام کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے، جبکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت علاج اور تشخیصی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی مریض پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور دوبارہ استعمال کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بروقت ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ کروائیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے اہلِ خانہ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔ انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہیپاٹائٹس کے خاتمے اور صحت مند معاشرے کے قیام کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔