مومنہ اقبال کیس، عدالت نے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت 3 ستمبر تک بڑھا دی

دورانِ سماعت اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے ملزمان کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی، جبکہ دفاعی وکلا نے اپنے مؤقف کی حمایت میں دلائل پیش کیے۔

July 28, 2026 · قومی

لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے سے متعلق مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔

سیشن کورٹ لاہور میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج کے روبرو ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ شریک ملزمہ سمیرا نے حال ہی میں اپنا موبائل فون تحقیقاتی حکام کے حوالے کیا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ مقدمے سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔

دورانِ سماعت اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے ملزمان کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی، جبکہ دفاعی وکلا نے اپنے مؤقف کی حمایت میں دلائل پیش کیے۔

عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔