بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر انتخابات پر تحفظات کا اظہار
موجودہ صورتحال میں انتخابات متنازع نظر آ رہے ہیں، جبکہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق معاملات بھی مناسب طریقے سے حل نہیں کیے گئے۔
مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کا منصفانہ اور شفاف ہونا انتہائی ضروری ہے۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں انتخابات متنازع نظر آ رہے ہیں، جبکہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق معاملات بھی مناسب طریقے سے حل نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات کے نتیجے میں متنازع مینڈیٹ سامنے آیا تو مسائل کے حل میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام کی بنیاد شفاف انتخابات ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات کشمیر کی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتے ہیں اور ضروری ہے کہ کشمیری عوام کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کے معاملات پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے اور کشمیری عوام کو بھی وہی حقوق ملنے چاہئیں جو پاکستان کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں۔