دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شامل ایم ایس سی مرجام کراچی پورٹ پہنچ گیا
400 میٹر طویل اور 19 ہزار 500 ٹی ای یوز گنجائش رکھنے والے اس جہاز کو ایس اے پی ٹی-2 ٹرمینل پر محفوظ انداز میں لنگر انداز کیا گیا۔
کراچی: دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شمار ہونے والا “ایم ایس سی مرجام” کامیابی سے کراچی پورٹ پہنچ گیا، جہاں اسے جدید سہولیات سے آراستہ ٹرمینل پر برتھ کر دیا گیا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق 400 میٹر طویل اور 19 ہزار 500 ٹی ای یوز گنجائش رکھنے والے اس جہاز کو ایس اے پی ٹی-2 ٹرمینل پر محفوظ انداز میں لنگر انداز کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جہاز سے تقریباً 1,500 کنٹینرز کی لوڈنگ اور آف لوڈنگ کی جائے گی، جس کے بعد یہ اپنا اگلا سفر سلطنتِ عمان کی بندرگاہ صلالہ کی جانب جاری رکھے گا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق اتنے بڑے کنٹینر بردار جہاز کی کامیاب ہینڈلنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کراچی پورٹ عالمی معیار کی بندرگاہی سہولیات اور جدید آپریشنل صلاحیتوں کا حامل ہے، جہاں بڑے بحری جہازوں کی آمد و رفت اور کارگو آپریشن مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکتے ہیں۔