نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج

مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 20 اور 26-اے جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

July 28, 2026 · قومی

اسلام آباد: قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق مقدمہ ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں کیے گئے مبینہ بیانات کی بنیاد پر درج کیا گیا، جن کے بارے میں حکام کا مؤقف ہے کہ ان میں ریاستی اداروں، بشمول مسلح افواج، کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے۔

حکام کے مطابق نورین نیازی پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر اشتعال انگیز، توہین آمیز اور گمراہ کن مواد پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 20 اور 26-اے جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ پوڈکاسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا، جس کے بعد معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ مواد سے ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق نورین نیازی کو تفتیش میں شامل ہونے اور مؤقف پیش کرنے کے لیے متعدد نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور دورانِ تحقیقات دیگر ممکنہ کرداروں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔