کینٹ جنرل ہسپتال پشاور میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے پر مفت اسکریننگ کیمپ و آگاہی واک کا انعقاد

کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 78 افراد کی مفت اسکریننگ کی گئی، جس کے نتیجے میں صرف ایک شخص میں ہیپاٹائٹس بی کی تشخیص ہوئی۔

July 28, 2026 · قومی
فوٹو پریس ریلیز

فوٹو پریس ریلیز

پشاور : ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر پریزڈنٹ / سٹیشن کمانڈر کینٹ بورڈ پشاور اور کینٹ ایگزیکٹو آفیسر چوہدری بابر حسین کی خصوصی ہدایات پر کینٹ جنرل ہسپتال (CGH) پشاور کینٹ میں مفت ہیپاٹائٹس بی و سی اسکریننگ اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ایم ایس کینٹ جنرل ہسپتال، ڈاکٹر فوزیہ بانو کی نگرانی میں منعقدہ کیمپ میں فیروزسنز لیبارٹریز اور گلوب ٹریڈرز کا تعاون بھی حاصل رہا۔

کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 78 افراد کی مفت اسکریننگ کی گئی، جس کے نتیجے میں صرف ایک شخص میں ہیپاٹائٹس بی کی تشخیص ہوئی جبکہ ہیپاٹائٹس سی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ اس موقع پر او پی ڈی اور کیژولٹی کے ڈاکٹروں نے بھرپور حصہ لیا اور شہریوں کو آگاہ کیا کہ بروقت تشخیص سے پیچیدگیوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر صدر کینٹ بورڈ پشاور نے کینٹ ایگزیکٹو آفیسر چوہدری بابر حسین کے ہمراہ ہسپتال اور کیمپ کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں ہسپتال میں ڈائریکٹ ڈاکٹر عبداللہ کی جانب سے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، تشخیص اور علاج کے موضوع پر ایک آگاہی لیکچر بھی دیا گیا، جبکہ عوام میں احتیاطی تدابیر اور شعور اجاگر کرنے کے لیے ہسپتال عملے کی جانب سے ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔ شہریوں نے کینٹ بورڈ کے اس فلاحی اقدام کی تعریف کی اور اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔