چھانگا مانگا میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے دو بہنیں جاں بحق
واقعہ نواحی گاؤں ارجن سنگھ میں پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے افراد نے کھانا کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔
قصور: ضلع قصور کے علاقے چھانگا مانگا میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بہنیں جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے والدین کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق واقعہ نواحی گاؤں ارجن سنگھ میں پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے افراد نے کھانا کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 سالہ عمارہ اور 13 سالہ تحریم جانبر نہ ہو سکیں اور جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے والد محمود اور والدہ شاہدہ بی بی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق دونوں بہنوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ کھانے کے نمونے بھی جانچ کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اموات کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔