وفاقی بورڈ میٹرک امتحانی نتائج کا اعلان ۔پہلی5 پوزیشنز طالبات کے نام
2 لاکھ 92 ہزار طلبہ شریک،
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) نے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کر دیے۔ نتائج کے مطابق طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی سات پوزیشنز میں سے پانچ حاصل کرلیں۔
نتائج کے اعلان کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے، جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ نے نتائج کا اعلان کیا۔
حکام کے مطابق رواں سال نہم اور دہم جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ امتحانات کے دوران نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ایس ایس سی پارٹ ون میں ایک لاکھ 50 ہزار 77 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 88 ہزار 646 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 59.77 فیصد رہا۔
ایس ایس سی پارٹ ٹو میں ایک لاکھ 41 ہزار 653 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 28 ہزار 70 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 91.33 فیصد رہا۔
سائنس گروپ میں افیرا اعجاز نے 1089 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، آمنہ نعمان نے 1088 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ حزیفہ حیدر نے 1086 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحانات کے لیے ملک بھر میں 1006 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے، جبکہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے 2012 سپروائزری اسٹاف اور 6996 انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے۔
پرچوں کی جانچ کے لیے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ پیپر چیکنگ کے عمل کے لیے مجموعی طور پر 10 ہزار 706 اساتذہ نے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔
نتائج میں طالبات کی شاندار کارکردگی کو تعلیمی حلقوں نے سراہا، تاہم وفاقی نظام تعلیم (FDE) کے تحت چلنے والے اسلام آباد کے ماڈل تعلیمی اداروں میں سے کوئی بھی ادارہ پہلی سات پوزیشنز میں جگہ نہ بنا سکا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کی تقریب میں آنا باعث خوشی ہے، یہ وہ تقریب ہے جہاں سے کامیابیوں کا راستہ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں جس نے خود کو نہیں بدلا اسے خدا بھی نہیں بدلتا، آنے والے 40 سالوں میں دنیا مزید تبدیل ہو چکی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ علم مومن کی میراث ہے اور اس میراث کو اپنی روایات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔