مریم نواز کا پیپلز پارٹی پر وار،”قیامت کتنے بجے ہے؟”
دونوں رہنماؤں کے بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر سیاسی بحث کا سلسلہ تیز ہو گیا، جہاں صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مریم نواز نے لکھا، “پیپلز پارٹی، جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، آج خود دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟”
اس سے قبل پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہوئیں اور الیکشن کمیشن غیر جانبدار ادارے کے بجائے ایک سیاسی جماعت کے انتخابی ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں عوامی مینڈیٹ متاثر کیا گیا اور دھاندلی کی نئی مثال قائم کی گئی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف کشمیر جا کر وزیرِاعظم بنائے جانے کی بات کر رہے ہیں، حالانکہ ان کے بقول یہ سیاسی حیثیت پیپلز پارٹی کی ماضی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
حسن مرتضیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پولنگ کے روز ان کی جماعت کا ایک کارکن جاں بحق ہوا، جس کے واقعے کو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں کے درمیان الزامات اور جوابی بیانات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف رہنما اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔