پاک بحریہ کا کامیاب ریسکیو آپریشن،19 ماہی گیر محفوظ بچا لیے گئے

ماہی گیر کشتی گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں فنی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گئی تھی

July 30, 2026 · قومی

پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچا لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں انجن کی خرابی کے باعث پھنس جانے والی ایک ماہی گیر کشتی تک بروقت رسائی حاصل کی اور امدادی کارروائی انجام دی۔

حکام کے مطابق ماہی گیر کشتی گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں فنی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گئی تھی۔ کشتی میں سوار تمام 19 افراد کو محفوظ ریسکیو کر لیا گیا، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے۔

 

بتایا گیا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کے بعد کیا گیا۔ پاک بحریہ کے اہلکاروں نے متاثرہ افراد کو خوراک، پینے کا صاف پانی اور ضروری طبی امداد بھی فراہم کی۔

بعد ازاں خراب کشتی کو بھی بحفاظت ساحل تک منتقل کر دیا گیا۔ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ، بروقت امدادی کارروائی اور ہر وقت آپریشنل تیاری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔