صدر آصف علی زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم قومی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سکیورٹی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم قومی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔