آزاد کشمیر اسمبلی،مہاجرین کی نشستوں پر انتخابی معرکہ 2 اگست کو ہوگا
راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی نشستوں ایل اے 43 ویلی 4، ایل اے 44 ویلی 5 اور ایل اے 39 جموں 6 پر انتخابی عمل مکمل کیا جائے گا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی تین نشستوں پر پولنگ 2 اگست کو منعقد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی نشستوں ایل اے 43 ویلی 4، ایل اے 44 ویلی 5 اور ایل اے 39 جموں 6 پر انتخابی عمل مکمل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایل اے 43 ویلی 4 میں 12 امیدوار، ایل اے 44 ویلی 5 میں 8 امیدوار جبکہ ایل اے 39 جموں 6 میں 14 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔
ویلی 4 کے نمایاں امیدواروں میں پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ، مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون اور استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید بزمی شامل ہیں۔
ویلی 5 میں مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری، پیپلز پارٹی کے محمد راشد اسلام، جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار اور مسلم کانفرنس کی مہر النساء کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
جموں 6 کی نشست پر پیپلز پارٹی کے چوہدری فخر زمان، مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق اور آئی پی پی کے محمد طاہر کھوکھر سمیت دیگر امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
الیکشن حکام کے مطابق ایل اے 43 ویلی 4 میں 3 ہزار 346، ایل اے 44 ویلی 5 میں 6 ہزار 996 جبکہ ایل اے 39 جموں 6 میں تقریباً 37 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
انتخابی انتظامات کے تحت ویلی 4 میں 10، ویلی 5 میں 27 جبکہ جموں 6 میں 155 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بھی یقینی بنائے جا رہے ہیں۔