کراچی:جناح اسپتال میں مبینہ طبی غفلت،65 سالہ مریض جاں بحق
واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کراچی کے جناح اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے ایک معاملے پر اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جہاں 65 سالہ مریض کے انتقال کے بعد نائٹ شفٹ کے عملے کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مریض کو این آئی سی وی ڈی منتقل کرنے سے قبل ریفرل کے مقررہ طریقہ کار پر مکمل عمل نہ ہونے کا الزام سامنے آیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مریض کی منتقلی سے پہلے متعلقہ ادارے سے مناسب رابطہ اور ضروری دستاویزات مکمل نہیں کی گئیں۔
اسپتال کی جانب سے جاری کیے گئے میمورنڈم میں ریفرل پروٹوکول کی مبینہ خلاف ورزی کو مریض کی حفاظت اور اسپتال پالیسی کے تناظر میں سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے نائٹ شفٹ انچارج ڈاکٹر وقاص سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر وقاص نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مریض کو دستیاب تمام طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان کے مطابق واقعے کے وقت نائٹ شفٹ میں 40 ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود تھے، تاہم ایک سنگین ٹریفک حادثے کے باعث طبی عملہ ہنگامی مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہو گیا تھا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ریسکیو 1122 مریض کو ضروری دستاویزات کی تکمیل سے قبل ہی اسپتال سے منتقل کر کے لے گئی۔
ادھر این آئی سی وی ڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچا اور اسے انٹیوبیشن کے بغیر منتقل کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق اگر ابتدائی مرحلے میں مناسب طبی امداد فراہم کی جاتی تو مریض کی جان بچنے کے امکانات زیادہ ہو سکتے تھے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔