سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی واپسی 3 سال مؤخر کردی

سعودی عرب نے قرض 2028 تک رول اوور کردیا ہے ، سعودی عرب کے اس اقدام سے پاکستان پر بیرونی قرضوں کی فوری ادائیگی کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

July 30, 2026 · قومی

سعودی عرب نے پاکستان کو بڑا مالی ریلیف دیتے ہوئے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی واپسی مزید تین سال کے لیے مؤخر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے پاس 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی واپسی کی مدت میں مزید 3 سال کی توسیع کر دی، اس اہم پیشرفت کا انکشاف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ سعودی عرب نے قرض 2028 تک رول اوور کردیا ہے ، سعودی عرب کے اس اقدام سے پاکستان پر بیرونی قرضوں کی فوری ادائیگی کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان کے پاس سعودی عرب کے 8 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں، جن میں سے 3 ارب ڈالر کا رول اوور رواں سال اپریل میں کیا گیا تھا۔

اس پیش رفت کے بعد موجودہ مالی سال کے لیے پاکستان کی بیرونی مالی ضروریات کم ہو کر 21.5 ارب ڈالر رہ گئی ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیرونی قرضوں پر سود کی مد میں بھی ریلیف ملا ہے اور سود کی ادائیگی میں بھی تقریباً 500 ملین ڈالر کی کمی آئی ہے، جبکہ جولائی کے دوران پاکستان 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کر چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ چین سے 1.3 ارب ڈالر کے کمرشل لون کی ری فنانسنگ بھی متوقع ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید سہارا ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 برسوں کے دوران اسٹیٹ بینک نے انٹربینک مارکیٹ سے مجموعی طور پر 28 ارب ڈالر خریدے، جن میں گزشتہ مالی سال کے دوران خریدے گئے تقریباً 9 ارب ڈالر بھی شامل ہیں، تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنایا جا سکے۔