اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولیات میں مزید آسانیاں،حکومت ڈیجیٹل نظام کو وسعت دے گی: وزیراعظم

اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

July 30, 2026 · قومی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس میں وزارت خارجہ نے اوورسیز پاکستانیوں کو سفارتخانوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات، دستاویزات کی تصدیق کے ڈیجیٹل نظام، شکایات کے اندراج اور دیگر خدمات سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے کیو آر (QR) کوڈ پر مبنی سہولت متعارف کرائی جا چکی ہے، جس کے ذریعے شکایات درج کرانے اور مختلف خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پاکستانی سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور اوورسیز پاکستانیوں کو اس سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ کا آغاز کیا جا چکا ہے، جبکہ آسان خدمت مرکز میں بھی دستاویزات کی تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کورئیر سروس کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق اور مختلف قومی اداروں کے ڈیٹا بیس سے نظام کو منسلک کرنے کے بعد تصدیقی عمل مزید تیز اور مؤثر ہو گیا ہے۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ آئندہ مرحلے میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج رجسٹریشن، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر اہم دستاویزات کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو جدید، تیز رفتار اور شفاف خدمات کی فراہمی کے لیے تمام منصوبوں پر مقررہ وقت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔