‘ڈرنے والے نہیں’: ہنگو حملے میں شہید ڈی ایس پی کی آخری گفتگو

ڈی ایس پی نے چوبیس گھنٹے قبل شہید اہلکار کی قبر پر حاضری لواحقین سے یکجہتی

July 30, 2026 · قومی

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی نے چوبیس گھنٹے قبل شہید اہلکار کی قبر پر حاضری دی تھی جبکہ لواحقین کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ڈرنے والے نہیں۔

ہنگو کے علاقے دوآبہ میں تھانے پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی عمر فاروق کی ایک انتہائی جذباتی اور ہمت سے بھرپور آخری گفتگو سامنے آ گئی ہے جو انہوں نے حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین سے کی تھی۔

حملے کے وقت فورسز نے دہشت گردوں کا انتہائی دلیرانہ مقابلہ کیا اور اس دوران ڈی ایس پی عمر فاروق نے شہید اہلکار کے گھر والوں سے رابطے کے دوران کہا کہ ہم اپنے ملک اور علاقے کی حفاظت کے لیے میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں اور ایسے بزدلانہ حملوں سے بالکل ڈرنے والے نہیں ہیں۔

دہشت گردوں کے حملے اور شدید فائرنگ کے باوجود پولیس افسران نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا اور آخری سانس تک لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر کے دشمن کے سامنے جھکنے سے صاف انکار کر دیا۔

شہید پولیس اہلکار کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی کے یہ الفاظ اور ان کا جذبہ ان کے لیے ہمیشہ فخر کا باعث رہے گا کیونکہ انہوں نے ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے جوان قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا نہیں کرتے۔

اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں سیکورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں شہدا کی عظیم قربانی اور بہادری کو شدید خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔