سوات میں دو روز کے دوران شوہروں کے ہاتھوں تین خواتین قتل
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم امیر زمان کو گرفتار کر لیا
فائل فوٹو
سوات میں خواتین کے قتل کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آ گیا۔ سیدوشریف کے نواحی علاقے گلکدہ میں شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنی 25 سالہ بیوی کو قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اس واقعے کے بعد گزشتہ دو روز کے دوران شوہروں کے ہاتھوں قتل ہونے والی خواتین کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ایس ایچ او تھانہ سیدوشریف ضیاءالرحمان نے بتایا کہ گلکدہ کے محلہ اجڑ میں ملزم امیر زمان نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی مسماۃ (س) کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتولہ کی شادی چھ سال قبل ہوئی تھی اور اس کے دو بیٹے ہیں۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم امیر زمان کو گرفتار کر لیا، آلۂ قتل پستول بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح تحصیل چارباغ کے علاقے گلی باغ روڑیا میں ایک خاتون مسماۃ نون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر ضیاء اللہ، ساس اور دیور نے بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر دیا تھا۔
اس مقدمے میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم مرکزی ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔دوسری جانب تحصیل خوازہ خیلہ میں معروف ٹک ٹاکر نبیلہ خان عرف ثنا علی کو مبینہ طور پر اس کے سابق شوہر عیسیٰ خان اور اس کے بھائی عمر باچا نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
اس مقدمے میں عمر باچا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم اسا خان اب بھی مفرور ہے۔گزشتہ دو روز کے دوران پیش آنے والے ان تینوں واقعات کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ پولیس مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔