کراچی میں ٹریلر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، 2 زخمی

کراچی میں ٹریلر کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا، 2 زخمی، 4 پولیس اہلکار زخمی

July 31, 2026 · قومی

کراچی کے علاقے موچکو یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار 3 افراد کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او سہیل فاروق کے مطابق ٹریلر کی ٹکر سے 18 سالہ نوجوان رحمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ حادثے میں 23 سالہ شہریار اور 32 سالہ زین زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور زمان کو گرفتار کر کے ٹریلر اور متوفی کی موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب گلشن معمار کے علاقے ناردن بائی پاس عباس کٹ کے قریب رکشے کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار مددگار 15 پولیس کا اہلکار خالد زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او گلشن معمار محمد علی نیازی نے بتایا کہ حادثے کے بعد رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے رکشہ قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

کلفٹن میں بلاول چورنگی کے قریب کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اسپیشل برانچ کا ہیڈ کانسٹیبل محبوب زخمی ہو گیا۔ ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی کے مطابق پولیس نے کار ڈرائیور کو حراست میں لے کر گاڑی تحویل میں لے لی ہے۔

علاوہ ازیں بلدیہ نمبر 2 پولیس چوکی کے قریب حادثے میں 35 سالہ پولیس اہلکار جاوید اور نمائش چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک پولیس اہلکار اکرم زخمی ہو گئے۔